بھٹکل 30؍ دسمبر(ایس او نیوز) بھٹکل جالی روڈ، جامعہ آباد کی جمعیت مسجد نورکی جانب سے جمعرات کو جامعہ آباد میں اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر خوبصورت جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں شبینہ مکاتب کے طلباء وطالبات نے ثقافتی پروگرام پیش کرتے ہوئے حاضرین سے داد و تحسین وصول کی۔پروگرام میں مقررین نے سماج میں پھیلی مختلف برائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کے تدارک کی طرف ذمہ داران کی توجہ دلائی۔
مہمان خصوصی کے طورپر تشریف فرما بھٹکل کے معروف عالم دین مولوی الیاس جاکٹی ندوی نے اپنے خطاب میں نمازوں کا اہتمام کرنے اور تعلیم وتربیت پر زور دیتے ہوئے شبینہ مکاتب میں بچوں کو بھیجنے کی طرف والدین کو ترغیب دلائی ۔ مولانا نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ آج ٹیوشن اور مختلف تعلیمی سرگرمیوں کےنام پر بعض لوگ اپنے بچوں کو شبینہ مکاتب میں نہیں بھیج رہے ہیں، انہوں نے ایسے والدین کو اپنے بچوں میں اسلامی تعلیمات کی طرف بھی توجہ دینے اور ابتدائی عمر میں ہی اُنہیں دین کی معلومات سے مزین کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام میں شبینہ مکتب کے بچوں کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کی تربیت کے تعلق سے بھی فکر کی جارہی ہے جو ماشاء اللہ خوش آئند بات ہے۔
مولانا محمد سعود صاحب (مہتمم مدرسہعربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی) نے اپنے خطاب میں شرک سے بچنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام کاموں سے ہم سب کو اجتناب کرنا چاہیے جو شرک کے مظاہر میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اللہ پر ہمارے یقین میں کوئی بھی کمی نہیں آنی چاہیے اور حتی الامکان ہمیں اس کی کوشش کرتے رہنا چاہیے ۔ مولانا نے کہا کہ اسی طرح مزاروں پر جانا اور انہیں حاجت روا سمجھتے ہوئے ان سے مانگنا کسی بھی صورت میں جائز نہیں ۔ حاجت روا تو سب کا اللہ ہے اور وہیں نفع اور نقصان دینے والا ہے۔
مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانامقبول احمد کوبٹے ندوی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے معاشرہ میں پھیلی نت نئی برائیوں کے ازالہ کے لیے خود بھی کوششیں کرنے اور دوسروں کو بھی اس پر ابھارنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ کا کام اس وقت تک انجام نہیں دیا جاسکتا جب تک آدمی خود کو بدلنے کی نیت نہ کرے ۔
پروگرام کا آغاز حافظ شریم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔مولوی عبدالخالق انیس ندوی کی جانب سے ترتیب دیا گیا ترانہ مولوی محمد سلمان بنگالی ندوی نے پیش کیا ۔مولانا سالم صاحب قاسمی نے جلسہ کی غرض وغایت بیان کی۔ماسٹر علی جناب صاحب نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ نظامت کے فرائض مسجد نورکے امام مولانا فضل اللہ ندوی اور مسجد سیدنا ابراہیم کے امام مولانا اسماعیل ندوی نے انجام دئیے۔ آخر میں دعا کے بعد پروگرام کا اختتام رات 1 بجے ہوا۔
تنظیم جمعہ مسجد نوائط کالونی کے خطیب مولانا انصارخطیب مدنی ، امام و خطیب جامع مسجد تنگن گنڈی مولانا اسحاق ڈانگی ندوی، مرکزی جماعت المسلمین تنگن گنڈی کے سکریٹری مولانا اقبال بنگالی، ہبیلے پنچایت کے نائب صدر جناب علی ابو ودیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔